نئی دہلی، 29؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی ) شمالی ہندوستان میں شدید سردی اب ختم ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی تازہ ترین پیش گوئی کے مطابق آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے 29 جنوری سے 30 جنوری تک شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ راجدھانی دہلی میں بھی آج 29 جنوری کو بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی مغربی ہمالیائی علاقے میں ہلکی سے بھاری بارش کا امکان ہے۔ پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور مغربی اتر پردیش میں بھی 29 اور 30 جنوری کو بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 29 اور 30 کو مغربی ہمالیائی علاقے، پنجاب، ہریانہ اور مغربی اتر پردیش میں ایک یا دو مقامات پر ژالہ باری ہوگی اور 29 جنوری کو مغربی اور مشرقی راجستھان میں ژالہ باری کا امکان ہے۔
اس کے ساتھ ہی ان دو دنوں میں مشرقی اتر پردیش میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ دہلی میں 29 جنوری یعنی آج بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بارش کے بعد زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔
ہندوستان کا محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کو شہر میں ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ دریں اثنا، آئی ایم ڈی کے ایک سائنسدان کلدیپ سریواستو نے بتایا کہ ایک نئے ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے اتوار سے درجہ حرارت بڑھے گا اور کئی جگہوں پر ہلکی بارش دیکھنے کو ملے گی۔
وہیں، ہماچل پردیش کے لاہول اسپتی میں اٹل ٹنل کے قریب کے علاقے میں بھاری برفباری کے بعد ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔ سڑک سے برف ہٹائی جا رہی ہے۔ جموں کشمیر اور لداخ میں بھی برف باری جاری ہے۔ پہاڑوں پر برف باری کا اثر میدانی علاقوں میں بھی نظر آ رہا ہے۔